اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کے روز تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ سعودی حج انتظامیہ کو چاہئے کہ ایرانی لاپتہ حجاج کی صورت حال واضح کرنے کے لئے بھرپور تعاون کرے۔ انھوں نے ایک بار پھر منی سانحے کے شکار حجاج کرام کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ایرانیوں خاص طور سے منی کے سوگواروں کو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ جب تک تمام لاپتہ ایرانی حجاج کی صورت حال واضح نہیں ہوجاتی ایران کی وزارت خارجہ اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ مجموعی طور پر چونسٹھ ہزار ایرانی حجاج میں سے منی کے واقعے میں ایک سو انہتّر حجاج جاں بحق اور چھیالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو سو اٹھانوے ایرانی حجاج ابھی لا پتہ ہیں۔ منی کا سانحہ گذشتہ جمعرات کو عید الضحی کے موقع پر سعودی حکام کی بدانتظامی کے نتیجے میں اس وقت پیش آیا تھا جب حجاج کرام، رمی جمرات کے لئے جا رہے تھے۔ منی کے دلخراش سانحے میں مجموعی طور پر دو ہزار سے زائد حجاج کرام جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ پریس ذرائع کی مصدقہ رپورٹوں کے مطابق اس تعداد سے کہیں زیادہ بڑی تعداد میں، دیگر حجاج کرام زخمی ہوئے ہیں۔
.......
/169